ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک : کیا مسلمانوں کے جذبات بھڑکا کر ووٹوں کی تقسیم کی کوشش ہورہی ہے ؟ کیا اس سے بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا ؟

کرناٹک : کیا مسلمانوں کے جذبات بھڑکا کر ووٹوں کی تقسیم کی کوشش ہورہی ہے ؟ کیا اس سے بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا ؟

Sat, 08 Apr 2023 12:22:42    S.O. News Service

بینگلور 8 اپریل (ایس او نیوز) کرناٹک انتخابات بی جے پی کے لئے چیلنج بن چکے ہیں کیونکہ اگر 2024 عام انتخابات سے قبل بی جے پی کو کرناٹک میں شکست ہوتی ہے تو ملک بھر میں بی جے پی کے پاؤں اکھڑنے کا خدشہ ہے اسی لئے پارٹی نہ صرف سیکولر اور مسلم ووٹوں کی تقسیم کی کوشش کررہی ہے بلکہ ان میں اپنا حصہ بھی تلاش کررہی ہے ۔

کرناٹک میں کانگریس کو اقتدار ملنے سے قبل بی جے پی کی راہول گاندھی کے خلاف کاروائیوں نے اپوزیشن اور انصاف پسند عوام میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کردیا ہے جو کہ کرناٹک انتخابات پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اسی لئے بی جے پی ہار کے خوف سے مسلم قائدین و تنظیموں کے ذمہ داروں سے اپنے قائدین کی ملاقاتیں کروارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ مسلم ووٹوں کو تقسیم کرنے کے داؤ پیج بھی آزمانے میں لگی ہے تاکہ وہ متحد ہوکر کسی ایک سیکولر جماعت کے ساتھ نہ جائیں بلکہ جذباتیت کا شکار نوجوانوں ‘ سیکولر افراد ‘ ضعیف العمر سیکولر شہریوں اور بے روزگار نوجوانوں کے ووٹوں کو منقسم کرنے کے تمام حربے استعمال کئے جائیں۔

کہا جارہا ہے کہ کانگریس کے متبادل کے طور پر کئی سیاسی جماعتیں اس وقت سامنے نظر آرہی ہیں اور اگر مسلمانوں کے ووٹ مختلف پارٹیوں میں تقسیم ہوجائیں تو اس کا راست فائدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہوگا۔

شمالی ہند میں مسلم نوجوانوں کو گاؤ کشی پر نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد اب جنوبی ہند میں ادریس پاشاہ قتل کے علاوہ عوام میں نفرت پیدا کرنے اور پدم شری رشید احمد قادری کے ذریعہ اپنی تعریف کروانے کی کوششوں کے الزامات کا سامناکر رہی بی جے پی اب جنا سینا سربراہ و تیلگو فلم اسٹار پون کلیان کے علاوہ کرناٹک فلم انڈسٹری کے اداکاروں کی خدمات بھی اپنی تشہیر کیلئے حاصل کر نے کی کوشش کررہی ہے۔

بھلے ہی مسلمانوں کا ایک طبقہ یہ کہتا ہو کہ ہمیں اس بار مسلم قیادت کو ہی سامنے لانا ہے اور ہر بار کی طرح اس بار مسلمان کانگریس کے لئے قربانی نہیں دے گا، لیکن حقیقت یہی ہے کہ خود بی جے پی چاہتی ہے کہ مسلم نوجوانوں میں اس طرح کے جذبات کو بھڑکایا جائے اور ہورہے ڈمیج کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جائے۔ ایسے حالات میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ مسلمان سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے پلان کو ناکام بناتے ہیں یا پھر جذبات میں بہتے ہوئے ان کی نیا کو پار لگانے کا کام کرتے ہیں۔


Share: